Sorah Ikhlas Ka Ajar O Sawab Islamic Article

 سورۂ اخلاص کا اجر وثواب 



نبی اکرمﷺ نے فرمایا: جس نے’’قل ھواللّٰہ احد‘‘ کو10 مرتبہ پڑھا، اللہ تعالیٰ اس کے لئے جنت میں ایک محل بنائے گا۔

پیارے دوستوں !سورۂ اخلاص وہ مبارک سورت ہے جو ا لحمد للہ ہر مسلمان کو یاد ہوتی ہے۔اور اس سورۂ مبارکہ کے فضائل بھی شمار ہیں اوران کا حصول بھی اللہ پاک کی رحمت سے ہر ایک کے لیے آسان ہے ۔ بس ضرورت توجہ اور اہتمام کرنے کی ہے ۔ہم یہاں سورۂ اخلاص کی تلاوت کے بعض فضائل کو ذکر کرتے ہیں تاکہ اس سورۂ مبارکہ کی فضیلت معلوم ہونے کے ہم کثرت کے ساتھ اس کی تلاوت کرنے والے بن جائیں ۔

اور توفیق اللہ پاک ہی طرف سے ہے ۔

ایک مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھنے کی فضیلت

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : جس شخص نے ”قل ھو اللہ أحدپڑھا اس نے گویا تہائی قرآن پڑھا۔

فرض نماز کے بعد10 مرتبہ سورہ اخلاص پڑھنے کی فضیلت

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :تین عمل ایسے ہیں کہ جن کو اگر کوئی ایمان کی حالت میں کرتا ہے تو وہ جنت کے جس دروازے سے چاہے، داخل ہوجائیگااورجس حور سے چاہے گا، نکاح کرلے گا:(ا)جو اپنے قاتل کو معاف کردے(۲)جوخفیہ طور پرکسی کا قرض ادا کردے(۳)جوہر فرض نماز کے بعد10 مرتبہ سورہ اخلاص پڑھے۔

حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے رسول اللہﷺ کی خدمت میں عرض کیا: یارسول اللہ ﷺ!اگر ان میں کوئی ایک کام کرے۔ فرمایا: اسے بھی یہی درجہ حاصل ہوگا۔

دس مرتبہ سورہ اخلاص پڑھنے کی فضیلت

نبی اکرمﷺ نے فرمایا: جس نے’’قل ھواللّٰہ احد‘‘ کو10 مرتبہ پڑھا، اللہ تعالیٰ اس کے لئے جنت میں ایک محل بنائے گا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے یہ فضیلت سن کر عرض کیا: یارسول اللہ ﷺ!تب تو ہم اسے کثرت سے پڑھیں گے۔

آپﷺ نے فرمایا: اللہ کے پاس کسی چیز کی کمی نہیں اور وہ بہت پاکیزہ ہے۔(یعنی تم جتنا پڑھوگے،اللہ تعالیٰ اتنے ہی محلّ تمہیں عطا فرمائے گا۔

پچاس مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھنے کی فضیلت

حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مرفوعاً روایت ہے :’’جو پچاس بار قل ھو اللہ احد پڑھے گا اللہ تعالیٰ اس کے پچاس سال کے گنا ہ معاف کر دےگا ‘‘۔

سو مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھنے کی فضیلت

انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے :آپﷺ نے فرمایا: جو شخص سو مرتبہ قل ھو اللہ احد پڑھےگا اللہ تعالیٰ اس کے پچاس سال کے گنا ہ معاف کر دےگا ،بشرطیکہ وہ چار خصلتوں سے بچے حرمت والاخون بہانے سے ، اور حرام مال کھانے سے ،اور زنا کاری سے اور ناجائز مشروبات سے ۔

اور طبرانی کی روایت میں ہے کہ نبی پاک ﷺ نے فرمایا: جو نماز میں یا خارجِ نماز میں سو بار قل ھو اللہ احدپڑھے گااللہ تعالیٰ اس کے لیے جہنم سے آزادی لکھ دےگا۔

حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مرفوعاً روایت کیا:جو دن بھر میں سو بار قل ھو اللہ احدپڑھے گا اللہ تعالیٰ اس کے دو سو برس کے گنا ہ معاف فرمادے گا مگر یہ کہ اس پر قرض ہو "۔(سنن الترمذی)

دوسو مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھنے کی فضیلت

حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مر فوعاً روایت کیا :’’جو دن بھر میں دو سو مرتبہ سورۂ اخلاص پڑ ھے گا اللہ تعالیٰ اس کے لیے ۱۵۰۰ پندرہ سو نیکیاں لکھے گا مگر یہ کہ اس پر قرض ہو(یعنی قرض معاف نہ ہو گا ۔

ایک ہزار مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھنے کی فضیلت

حضرت حذیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مرفوعاً روایت ہے:’’جس نے ایک ہزار بار قل ھو اللہ احد پڑھی تو تحقیق اس نے اپنی جان اللہ تعالیٰ سے خرید لی ‘‘۔

ہما وقت سورۂ اخلاص پڑھنے والے صحابی کا مرتبہ

حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ہم غزوۂ تبوک میں حضورﷺ کے ساتھ تھے۔

ایک دن سورج ایسے نور اور روشن کرنوں کے ساتھ طلوع ہوا کہ اس سے پہلے ہم نے کبھی نہ دیکھا تھا۔ تھوڑی دیر بعد حضرت جبریل علیہ السلام نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ آپﷺ نے فرمایا: جبرئیل!جیسے آج سورج طلوع ہوا، اس سے پہلے ایسا کبھی نہیں دیکھا ۔انہوں نے عرض کیا:آپﷺ کے صحابی معاویہ بن معاویہ لیثی مدینہ طیبہ میں انتقال فرماگئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ان کی نماز جنازہ میں 70 ہزار فرشتے بھیجے ہیں۔

آپ ﷺ نے دریافت فرمایا: انھیں یہ مقام کیسے حاصل ہوا؟ سیدنا جبریل نے فرمایا: یہ دن رات چلتے پھرتے،اٹھتے بیٹھتے ہر حالت میں ’قل ھواللہ احد‘‘ کی تلاوت کیا کرتے تھے۔یہ اسی کا اجر ہے۔

سورۂ اخلا ص کی محبت جنت کو لازم کرتی ہے

حضرتِ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک شخص کو کسی سریہ میں بھیجا تو وہ اپنے ساتھیوں کی امامت کراتے ہوئے اپنی قراء ت کو قُلْ ھُوَ اللہُ اَحَدٌ پر ختم کیا کرتا تھا ۔

جب وہ لشکرواپس آیا اور لوگوں نے رسول اﷲﷺ کی خدمت میں اس بات کا تذکرہ کیا تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ'' اس سے پوچھوکہ وہ ایسا کیوں کرتاہے ؟''جب لوگوں نے اس سے پوچھا تو اس نے جواب دیا،'' اس لئے کہ اس میں رحمن عزوجل کی تعریف ہے اور میں اسے پڑھنا پسند کرتاہوں۔'' تو آپ ﷺ نے فرمایا ،''اسے خبر دے دو کہ اللہ عزوجل بھی اس سے محبت فرماتاہے۔''

رسول اللہ ﷺ اپنے ایک صحابی کے ساتھ کہیں جارہےتھے کہ آپﷺ نے کسی شخص کوسورۂ اخلاص پڑھتے ہوئے سنا توآپﷺ نے ارشاد فرمایا،'' واجب ہوگئی ۔

''میں نے عرض کیا:یارسول اللہﷺ! کیاواجب ہوگئی؟'فرمایا: جنت ۔

گھر میں داخل ہوتے وقت سورہ اخلاص پڑھنے کی فضیلت

حضرت جریر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہماسے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے اپنے گھر داخل میں ہوتے وقت’’قل ھواللہ احد‘‘پڑھی، یہ سورت اس کے گھر اور پڑوسیوں کے گھر سے شر کو دور بھگا دیتی ہے۔

اللہ پاک ہمیں سورۂ اخلاص کی باکثرت تلاوت کرنے کی توفیق عطا فرمائے

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.