Kids Moral Story Funny moral-stories Uqaab-aur-makri

 عقاب اور مکڑی 


Kids Moral Story Funny moral-stories Uqaab-aur-makri


تم اپنے آپ کو بے کار بڑا نہ سمجھو

ایک عقاب بادلوں کو چیرتا ہوا کوہ قاف کی چوٹیوں پر پہنچا اور ان کا چکر لگا کر ایک صدیوں پرانے دیودار کے درخت پر جا بیٹھا۔وہاں سے جو منظر دکھائی دے رہا تھا، اس کی خوبصورتی میں وہ محو ہو گیا۔اسے ایسا معلوم ہو رہا تھا کہ دنیا ایک سرے سے دوسرے سرے تک تصویر کی طرح سامنے کھلی رکھی ہے۔کہیں پر دریا میدانوں میں چکر لگاتے ہوئے بہہ رہے ہیں۔

کہیں پر جھیلیں اور اُن کے آس پاس درختوں کے کنج پھولوں سے لدے ہوئے بہار کی پوشاک میں رونق افروز ہیں۔کہیں پر سمندر خفگی سے اپنے ماتھے پر بل ڈالے کوے کی طرح کالا ہو رہا ہے۔

عقاب نے آسمان کی طرف دیکھ کر کہا ”اے اللہ میں تیرا کہاں تک شکر ادا کروں۔تو نے مجھے اڑنے کی ایسی طاقت دی ہے کہ دنیا میں کوئی بلندی نہیں ہے، جہاں میں پہنچ نہ سکوں، میں فطرت کے منظروں کا لطف ایسی جگہ بیٹھ کر اٹھا سکتا ہوں جہاں کسی اور کی پہنچ نہیں۔

ایک مکڑی درخت کی ایک شاخ سے بول اٹھی۔ ”تم کیوں اپنے منہ میاں مٹھو بنتے ہو؟ کیا میں تم سے کچھ نیچی ہوں؟

عقاب نے مڑ کر دیکھا۔واقعی ایک مکڑی نے اس کے چاروں طرف شاخوں پر اپنا جالا تان رکھا تھا اور اسے ایسا گھنا بنا رہی تھی کہ گویا سورج تک کو عقاب کی نظر سے چھپا دے گی۔

عقاب نے حیرت سے پوچھا ”تم اس سربلندی پر کیسے پہنچی؟ جبکہ پرندے بھی جنہیں تجھ سے زیادہ اڑنے کی طاقت ہے، یہاں تک پہنچنے کا حوصلہ نہیں کرتے؟ تم تو کمزور ہو، کیا تم رینگ کر یہاں آئی ہو؟“

مکڑی نے جواب دیا۔

”نہیں ایسا تو نہیں ہے۔“

”تو پھر یہاں کیسے آئیں؟“

”جب تم اُڑنے لگے تھے تو میں تمہاری دم سے لٹک گئی اور تم نے خود مجھے یہاں پہنچا دیا۔لیکن میں یہاں اب تمہاری مدد کے بغیر ٹھہر سکتی ہوں، اور اس لئے میری گزارش ہے کہ تم اپنے آپ کو بے کار بڑا نہ سمجھو۔۔۔“

اتنے میں ایک طرف سے ہوا کا جھونکا آیا اور اس نے مکڑی کو اڑا کر زمین پر گرا دیا۔

میرا خیال ہے اور آپ کو بھی مجھ سے اتفاق ہو گا کہ دنیا میں ہزاروں لوگ ہیں جو اس مکڑی سے بہت مشابہ ہیں۔ایسے لوگ بغیر کسی قابلیت اور محنت کے کسی بڑے آدمی کی دم میں لٹک کر بلندی پر پہنچ جاتے ہیں اور پھر ایسا سینہ پھیلاتے ہیں کہ گویا خدا نے ان کو عقابوں کی سی طاقت بخشی ہے، مگر ضرورت صرف اس کی ہے کہ کوئی ذرا پھونک دے اور وہ پھر زمین پر پہنچ جاتے ہیں۔


Copyright Disclaimer: - Under section 107 of the copyright Act 1976, allowance is made for FAIR USE for purposes such as criticism, comment, news reporting, teaching, scholarship, and research. Fair use is a use permitted by copyright statutes that might otherwise be infringing. Non-profit, educational, or personal use tips the balance in favor of FAIR USE.


Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.